بنگلورو،13؍اکتوبر(ایس او نیوز) ریاست کے ان تمام اضلاع اور تعلقہ مراکز جہاں کی آبادی ایک لاکھ سے زیادہ ہو ریاستی کابینہ نے وہاں پر اندرا کینٹین شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی صدارت میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں طے کیاگیا کہ بنگلورو کے خطوط پر ان مقامات پر اندراکینٹین تعمیر کئے جائیں گے اور یکم جنوری سے یہاں پر اندرا کینٹین شروع کردئے جائیں گے۔ ریاستی کابینہ اجلاس کے بعد فیصلوں کی تفصیلات اخباری نمائندوں کو دیتے ہوئے وزیر قانون وپارلیمانی امور ٹی بی جئے چندرا نے بتایاکہ محنت کش طبقے کو کم قیمت پر کھانا مہیا کرانے کے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے نومبر کے اختتام تک قطعی شکل دے دی جائے گی اور ضلع وتعلقہ سطح پر اندرا کینٹین کیلئے جگہ کی نشاندہی کی جائے گی اور ساتھ ہی دسمبر کے اواخر تک ان کینٹینوں کیلئے بنیادی سہولت مہیا کرانے کیلئے کابینہ نے محکمہ ¿ بلدی انتظامیہ کو ہدایت جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کثیر آبادی والے مقامات بشمول اسپتالوں کے احاطوں ، ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹانڈس میں اندرا کینٹین کھلونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر کے 171مقامات پر جملہ 246اندرا کینٹین یکم جنوری سے شروع کردئے جائیں گے۔ ان اندرا کینٹین کیلئے روزانہ 29لاکھ روپیوں کے حساب سے ماہانہ 9 کروڑ روپیوں کی سبسیڈی جاری کرنے کا کابینہ نے فیصلہ کیا۔مسٹر جئے چندرا نے بتایاکہ کابینہ نے طے کیاہے کہ لیجسلیچر کاسرمائی اجلاس 13 نومبر سے دس دنوں کیلئے بلگاوی کے سورنا سودھا میں طلب کیا جائے گا۔ غریب خاندانوں کو مفت رسوئی گیس فراہم کرنے کی انیل بھاگیہ اسکیم کو مرکزی حکومت کی اجول اسکیم کے دائرہ میں لانے اور اس کے ذریعہ 4040 روپے کی لاگت پر گیس اسٹو اور گیس کنکشن مہیا کرانے کا بھی کابینہ نے فیصلہ کیا۔ اس سے ریاست بھر کے 28لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔ مارچ 2018 تک اس اسکیم سے دس لاکھ خاندانوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔اس کیلئے 1137کروڑ روپیوں کا گرانٹ جاری کرنے کا کابینہ نے فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح مٹی کا تیل استعمال کرنا ترک کرنے والے خاندانوں کوحکومت نے مفت ایل ای ڈی بلب مہیا کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ ¿ صحت میں ماہر ڈاکٹروں کی کمی کو پر کرنے کیلئے شہر کے کے سی جنرل اسپتال ، جے نگر کے جنرل اسپتال ، باگلکوٹ ، بلاری ، چترادرگہ، دھارواڑ، کلبرگی، ٹمکور اور وجئے پور جملہ دس اسپتالوں میں رواں تعلیمی سال سے بہترین طبی خدمات کیلئے ڈپلوما ان نیشنل بورڈ کورسس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی کابینہ نے ہنگامی حالات کی صورت میں شہریوں کی جان بچانے کیلئے جدید ترین سہولیات سے لیس 95 نئے ایمبولنس خریدنے کیلئے بھی منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پر 61.78 کروڑ روپیوں کی لاگت آئے گی۔ محکمہ ¿ شہری رسد کے متعلق مسٹر جئے چندرا نے بتایاکہ ریاست کی ہر راشن کی دکان سے وابستہ ایک صارفین بیداری کمیٹی قائم کرنے کیلئے مقامی افراد کو تربیت دینے کا بھی کابینہ نے فیصلہ کیاہے۔ تربیت میں حصہ لینے والے کنوینرس کو 150 روپے اور دیہی کنوینرس کو 75 روپیوں کا مشاہرہ دیاجائے گا۔ اس کے علاوہ ریاستی کابینہ نے اور بھی دیگر کئی اہم امور پر فیصلے لئے۔